Baseerat Online News Portal

حضرت مولانا مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی              زندگی کے تابندہ نقوش تعارف و تاثر : مقصوداحمدضیائی

نئی کتاب

حضرت مولانا مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی

زندگی کے تابندہ نقوش

تعارف و تاثر : مقصوداحمدضیائی

حضرت مولانا مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی قدس سرہ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ان کی حیات و خدمات پرمشتمل دلآویز دستاویز زندگی کے تابندہ نقوش منصہ شہود پر جلوہ گر ہو چکی ہے اس عظیم الشان کارنامے کی انجام دہی پر جناب طارق عمیر عثمانی زیدہ اقبالہ ڈائرائیکٹر جامعہ دارالسلام مالیر کوٹلہ پنجاب پوری ملت کی جانب سے مبارک بادی کے مستحق ہیں آں مکرم کی خصوصی عنایت سے راقم الحروف عاجز کا مقالہ بھی شامل کتاب ہے جسے سال رواں کے اوائل میں سفر حجاز مقدس کے دوران ترتیب دینے کی سعادت نصیب ہوئی تھی جس پر میں حق جل مجدہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ جس رحیم و کریم ذات نے مہبط وحی کے سائے میں اس مشت خاک کو توفیق بخشی جناب طارق عمیر عثمانی مدظلہ کا اپنا مضمون بھی شامل کتاب ہے جو بے حد اہم اور معلوماتی ہونے کے ساتھ الگ سے پی ڈی ایف کی شکل میں بھی دستیاب ہے اپنے والد عظیم کی طرح ان کی تحریر میں بھی مقناطیسی کشش ، دل لبھانے والا انداز اور اعتدال ہے میں نے ان کا مقالہ مکمل پڑھا ہے قلم رواں ، پیرایہ بیان موثر اور دلنشیں ہے بعض جملوں پر بے ساختہ کلمہ تحسین نکلتا ہے موصوف نے جس خلوص اور درد مندی کے ساتھ مقالہ ترتیب دیا ہے وہ اس کو ” ازدل خیزد بر دل ریزد ” کا مصداق بناتا ہے بہرحال انہوں نے اس مجموعہ کو بڑی عرق ریزی سے ترتیب دیا ہے جو معتبر اور مشہور ترین علماء ،محققین اور اہل قلم کی منفرد کاوشوں اور نگارشات پرمشتمل ہے جس میں مفتی صاحب قدس سرہ کی حیات افکار اور خدمات پر بھرپور روشنی ڈالی گئی ہے کتاب مشمولات کے اعتبار سے عمدہ ہے اور کہنہ مشق قلم کاروں نے بھرپورقلمی تعاون دیا ہے حضرت مفتی صاحب قدس سرہ کی شخصیت علمی گہرائی و گیرائی ، مزاج و مذاق ، علمی اور ادبی کمالات اور عالمانہ شخصیت کو پوری طرح کھل کر سامنے لانے کی سعی کی ہے اس کتاب کی ہر کتب خانے تک رسائی حضرت مفتی صاحب نوراللہ مرقدہ سے سچی عقیدت ، وابستگی اور علمی و دینی مزاج کی دلیل ہوگی لہذا ہر خاص و عام سے گزارش ہے کہ وہ اسے حاصل کریں ملک و بیرون ملک کے حلقہ علم اور لائبریریوں تک اس کی رسائی کو ممکن بنائیں یہی اس کتاب کا حق بھی ہے امید کامل ہے کہ مضامین کا یہ عمدہ انتخاب ہر ایک حلقے میں مقبول و محبوب ہوگا حق جل مجدہ حضرت مفتی صاحب قدس سرہ کو جنت الفردس میں مقام کریم سے نوازے اور ملت کو نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین

Comments are closed.