Baseerat Online News Portal

مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی کی کتاب سنت کیا ہے اور انسانی زندگی پر قرآن کریم کے اثرات اہل علم کے لیے قیمتی تحفہ : مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

 

حیدر آباد(بصیرت نیوز سروس) مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی کی تازہ ترین تصنیف سنت کیا ہے اور انسانی زندگی پر قرآن کریم کے اثرات اہل علم کے ساتھ ساتھ عام مسلمانوں کے لئے ایک قیمتی تحفہ ہے، یہ دونوں ہی کتابیں بہت ہی مفید اور ہر فرد کے مطالعہ کے لئے بہت ہی نافع اور گراں قدر تحفہ ہے، اہل علم کے ساتھ ساتھ عام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ان دونوں کتابوں کو اپنے مطالعہ میں ضرور رکھیں اور اس سے بھرپور استفادہ کریں، ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی کی دونوں کتابوں کی خصوصی رسم رونمائی کے بعد کیا، مولانا رحمانی نے مزید کہا کہ مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی ممبئی میں مقیم ایک صاحب قلم عالم دین ہیں، ایک زمانے تک انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام شائع ہونے والے مجلہ ماہنامہ حج میگزین کی ادارت کے فرائض انجام دئیے، اس وقت وہ مکہ میگزین کے نام سے ایک علمی رسالہ شائع کررہے ہیں، مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی کی سب سے بڑی اور منفرد شناخت یہ ہے کہ وہ ممبئی شہر میں ایک طویل عرصے سے قرآن مجید کی عظیم الشان خدمت انجام دے رہے ہیں، مولانا ناصری کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا کل ہند مسابقۃ القرآن الکریم پورے ملک میں ممتاز اور منفرد حیثیت رکھتا ہے، ماشاء اللہ مولانا ناصری صاحب بہت ہی متحرک، فعال اور بیدار مغز عالم دین ہیں، علمی کاموں کے ساتھ ساتھ ملی کاموں میں بھی سرگرم عمل رہتے ہیں اور ہمیشہ ملت کی خدمت کے لیے پیش پیش رہتے ہیں، مولانا ناصری کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ ایک علماء ومشائخ کے خانوادے کے فردفرید ہونے کے ساتھ ساتھ شیخ المشائخ حضرت مولانا شاہ محمد احمد صاحب پرتابگڑھی رحمۃ اللہ علیہ کے خصوصی تربیت یافتہ ہیں. مولانا ناصری کی دونوں کتابیں موضوع کے اعتبار سے بہت ہی اہم اور وقیع ہے، میں انہیں ان دونوں کتابوں کی تصنیف پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان سے اسی طرح علمی وملی کام لیتا رہے..

واضح رہے کہ ان دنوں مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی حیدر آباد کے سفر پر ہیں، ان کے چھوٹے بھائی مفتی محمد ساجد ناصری جو کہ حیدرآباد میں ہی مقیم ہیں ان کے دل کا آپریشن تھا اسی مناسبت سے مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی حیدرآباد تشریف لے گئے، اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے گھر عشائیہ کی دعوت میں شرکت کے لئے گئے تو مولانا رحمانی کے ہاتھوں دونوں کتابوں کی خصوصی رسم رونمائی عمل میں آئی..

Comments are closed.