Baseerat Online News Portal

نسیم عارفی ’اردو میڈیا ایوارڈز’ کے لئے مدھوبنی کے نوجوان فیکٹ چیکر محمد زکریا منتخب

 

مدھوبنی(نمائندہ خصوصی)

سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن نے اولین نسیم عارفی ’اردو میڈیا ایوارڈز‘ جیتنے والے صحافیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک معتبر پینل نے کارنامہ حیات ایوارڈ کے لئے دہلی میں مقیم معروف سینئر کثیر لسانی صحافی قربان علی کو صحافتی میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں منتخب کیا ہے۔ اس کے علاوہ بہار کے مدھوبنی، سنگرام سے تعلق رکھنے والے نوجوان اردو فیکٹ چیکر محمد زکریا کو اس اعزاز کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ زکریا تقریباً ایک دہائی (دس برس) سے اردو صحافت کے میدان میں سرگرم عمل ہیں۔ ہندی میڈیا کے علاوہ پرنٹ میڈیا، ٹی وی و ڈیجیٹل میڈیا میں بھی وہ اردو کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فی الحال وہ تقریباً 6 برسوں سے اردو فیکٹ چیکر کے طور پر ایک تنظیم کے لئے کام کر رہے ہیں۔ وہیں فیچر رائٹر رشدہ شاہین (دہلی) کو بھی اس اعزاز کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اردو صحافیوں کے زمرے میں یہ ایوارڈ سید سجاد الحسنین اور محمد ارشد کو دیا جائے گا۔

 

 

ایوارڈ کی تقریب 12 اپریل 2025 کو فتح میدان عابدس، حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی۔ میڈیا اکادمی تلنگانہ حکومت کے چیئرمین جناب کے سرینواس ریڈی اس تقریب کی صدارت کریں گے، جب کہ ایناڈو گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹرسی ایچ کرن، بحیثیت مہمانِ خصوصی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔

 

سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن ایک رضاکارتنظیم ہے جوسماجی طور پر پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس تنظیم کی بنیاد 1980 میں جناب بشیر الدین بابو خان، جناب سید عبدالولی قادری اور پروفیسر ایم این افضل نے ڈالی تھی۔ فی الحال پروفیسر سید بشارت علی اس کے بانی منیجنگ ٹرسٹی کے بطور خدمات انجام دے رہے ہیں

Comments are closed.