Baseerat Online News Portal

جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ اور مدعوئین کا اجلاس

 

قانونی امداد ،تعلیمی وظائف،طبی امداد اوردینی تعلیمی بورڈکے بجٹ کی منظوری

 

ممبئی 20؍اپریل

وقف ترمیمی قانون ہمارے مذہبی معاملات میں صریح مداخلت ہے ،اور دستور ہند کی دفعات 24،25،26 اور 30 کی خلاف ورزی ہےاس لئے جمعیۃ علماء اس کے خلاف قانونی لڑائی لڑ رہی ہے اور دستور ہندمیں دیئے گئے احتجاجی طریقوں کو بھی اختیار کررہے ہیں ساتھ ہی ساتھ ہمیں اس بات کا خاص خیال رکھنا ہوگا قانون کو ہاتھ میں نہ لیں تاکہ فرقہ پرست اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نا ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مندروپ (شولاپور) کے 6؍ایکڑ قطعہ اراضی پر اسکول ،کالج اور اس سے متعلقہ عمارت کا ایک مجوزہ نقشہ حاضرین کے سامنےرکھا اور اس کے مطابق آگے کی پیش رفت کے تعلق سےحاضرین سے اجازت حاصل کی ۔نیز تعمیرات کی مد میں تعاون کی ترغیب بھی دی ۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ بھی بتایا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر امسال بھی عصری علوم کے طلبہ کووظائف (اسکالر شپ ) دے گی، بہت جلداسکالر شپ کے فارم کے اجراء اور اس کے جمع کرنےکی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا ۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کی روداد پیش کی اور کہا کہ فی الحال جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی پانچ سو ملزمین کے مقدمات کی پیروی کررہی ہے جس میں پھانسی کی سزا پانے والے 85ملزمین اور عمر قید کی سزا پانے والے 135؍ ملزمین شامل ہیں۔ سپریم کورٹ میں گودھرا مقدمہ کی سماعت شروع ہونے جارہی ہے جبکہ ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ مقدمہ میں بامبے ہائی کور ٹ میں فیصلہ محوظ کرلیا ہے۔ یومیہ کی بنیاد پر پورے ملک میں درجنوں مقدمات کی پیروی کی جارہی ہے۔آئینی مقدمات کی سپریم کورٹ آف انڈیا میں پیروی کرنا جمعیۃ علماءقانونی امداد کمیٹی کے ذمہ ہی ہے۔

مفتی انیس الدین اشرفی نے ضلع بلڈانہ میں دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ماتحت جدید دینی مکاتب کے قیام کی رپورٹ پیش کی ۔

جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹرمفتی محمد یوسف قاسمی نے ماہ رمضان المبارک میں کی جانے والی فراہمی مالیات کی تفصیل پیش کی،اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ سالہائے گزشتہ کے مقابل اس سال رمضان المبارک میں ہونے والی آمدنی بہتر رہی۔

مفتی محمد یوسف قاسمی نے سال رواں 2025-26 کے لئے تعلیمی وظائف،طبی امداد،دینی تعلیمی بورڈ اور قانونی امداد وغیرہ مدات کے بجٹ (رقم مختص ) کی منظوری حاصل کی۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی کی دعا پر اجلاس اختتام کو پہونچا،جبکہ آغاز مفتی محمد ہارون ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ،اورمفتی محمد یوسف قاسمی جنرل سکریٹری نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔

اس اجلاس میں شرکاء میںمولانا حلیم اللہ قاسمی،مولانا محمد عارف عمری،قاری محمد ادریس انصاری،مفتی محمد ہارون ندوی ،قاری عبد الرشید حمیدی،مفتی محمد یوسف قاسمی،مولانا اشتیاق احمد قاسمی ،قاری محمد یونس چودھری،مفتی حفیظ اللہ قاسمی ،حافظ محمد عارف انصاری،مولانا زبیر احمد صدیقی،مولانا عبد الصمد قاسمی،مولانا محمد اسید قاسمی،مولانا عبد القیوم قاسمی ،الحاج مشتاق احمد صوفی،مفتی محمد انیس الدین اشرفی،حافظ شیر خان ،مفتی محمد عمران قاسمی ،سراج الدین خان،مولانا محمد اسماعیل قاسمی،مفتی افضل حسین قاسمی،مولانا محمد سرور مظاہری،مفتی لئیق احمد قاسمی،حمید اللہ اجمعین شیخ ،الحاج گلزار احمد شیخ،الحاج محمد صغیر خان،حافظ محمد علی ملا،گلاب ہارون مجاور،حافظ عبد العظیم شاہ،مولانا محمد عیسیٰ خان کاشفی،مفتی محمد اصغر اسماعیل کھوپٹکر،مختار احمد گلزار احمد اعظمی،الحاج قریش احمد صدیقی قابل ذکر ہیں ۔

Comments are closed.