جوگیارہ میں 25 سالہ نوجوان کا بہیمانہ قتل، لاش باغیچے میں پھینکی گئی، اب تک شناخت نہیں

 

جالے(محمد رفیع ساگر) مقامی تھانہ کے جوگیارہ میں جمعرات کو ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان کو بے رحمی سے قتل کر کے اس کی لاش کو باغیچے میں پھینک دیا گیا۔

 

یہ واقعہ جو گیارہ میں واقع ڈیوڈھی پوکھر کے اترواڑی بھنڈا میں پرمود سنگھ کے آم کے باغیچے کا ہے۔ پولیس نے جمعرات کی صبح وہاں سے ایک 20 سے 25 سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد کی ہے، جسے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ نوجوان کی باہوں پر بھی زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں، جبکہ اس کے کپڑوں پر خون کے دھبے بھی نمایاں ہیں۔

 

جالے تھانہ انچارج سندیپ کمار پال کے مطابق، ابتدائی تفتیش سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ نوجوان کا قتل اسی مقام پر تیز دھار ہتھیار سے گلا کاٹ کر کیا گیا ہے۔ شبہ ہے کہ ثبوت مٹانے کی غرض سے قاتلوں نے نوجوان کے چہرے کو جلانے کی کوشش بھی کی ہے۔

 

نوجوان کی جیب سے کھینی کا ایک ڈبہ، ایک بلوٹوتھ ڈیوائس اور 300 روپے برآمد ہوئے ہیں۔ اس کی بائیں بازو پر ’وکاس‘ نام کندہ ہے، جس سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ مقتول کا نام وکاس ہو سکتا ہے، لیکن اس کی مکمل شناخت کے لیے کوئی ٹھوس ثبوت دستیاب نہیں ہوا ہے۔

 

موقع واردات سے پانی کی ایک بوتل، ایک ٹفن کیریئر اور ایک چپل بھی ملی ہے۔ تکنیکی شواہد کے لیے جائے واردات کی بیریکیڈنگ کر کے ایف ایس ایل کی ٹیم کو طلب کیا گیا ہے۔ تھانیدار کے مطابق پولیس اس معاملے میں مزید کارروائی میں مصروف ہے اور جلد ہی مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کر کے قاتلوں کی شناخت کی کوشش کی جائے گی۔

 

 

Comments are closed.