ترکیہ : استنبول میں سخت زلزلہ، عمارت سے چھلانگ لگانے اور گھبراہٹ میں 151 افراد زخمی

 

بصیرت نیوزڈیسک

 

ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں بدھ کو 6.2 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث لوگوں میں شدید گھبراہٹ پھیل گئی۔ گورنر آفس کے مطابق زلزلے کے دوران عمارتوں سے چھلانگ لگانے اور افرا تفری میں بھاگنے کی وجہ سے 151 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر آیا۔ گورنر آفس نے اس بات کی تصدیق کی کہ فاتح ضلع کی ایک عمارت کو نقصان پہنچا ہے لیکن شہر کے دیگر علاقوں میں کوئی رہائشی عمارت منہدم نہیں ہوئی۔

ترک حکام کے مطابق توانائی، قدرتی گیس، پانی اور نکاسی کے نظام میں بھی کسی قسم کا خلل پیدا نہیں ہوا، جس کی وجہ سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر نہیں ہوئی۔ تاہم، زلزلے کے بعد لوگ اپنے گھروں سے نکل کر پارکوں، اسکول کے میدانوں اور دیگر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے، جہاں بعض افراد نے خیمے بھی لگا لیے۔

صدر رجب طیب اردوآن نے ’یومِ قومی خودمختاری و اطفال‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’اللہ کا شکر ہے کہ فی الحال کوئی بڑا مسئلہ سامنے نہیں آیا۔ اللہ ہمارے ملک اور عوام کو ہر قسم کی مصیبت، آفت، حادثے اور پریشانی سے محفوظ رکھے۔‘‘

ترکی کے صدارتی دفتر برائے مواصلات نے تصدیق کی کہ صدر اردوان کو استنبول کے گورنر نے زلزلے کی مکمل صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے بتایا کہ زلزلہ سطح زمین سے تقریباً 7 کلومیٹر گہرائی میں آیا اور اس کا دورانیہ تقریباً 13 سیکنڈ تھا۔

 

قبل ازیں، ترکی کی آفات و ہنگامی حالات کی انتظامیہ (اے ایف اے ڈی) نے اعلان کیا تھا کہ زلزلے کا مرکز استنبول کے یورپی حصے، سلیوری ضلع، مرمرہ سمندر میں 6.92 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

قابل ذکر ہے کہ ترکی ایک زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے اور یہاں اکثر زمین لرزتی رہتی ہے۔ فروری 2023 میں 7.8 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد آنے والے شدید جھٹکوں سے ملک کے جنوبی و جنوب مشرقی حصوں میں 53 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ لاکھوں عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی تھیں۔ اس زلزلے نے ہمسایہ ملک شام کے شمالی علاقوں میں بھی 6 ہزار سے زائد جانیں لی تھیں۔

اگرچہ اس بار استنبول میں زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا لیکن ماہرین اس زلزلے کو ایک تنبیہ سمجھ رہے ہیں کہ مستقبل میں کسی بڑے زلزلے کا خطرہ موجود ہے۔

Comments are closed.