گیارہویں کلاس اور ڈپلومہ اِن انجینئرنگ کا مشترکہ داخلہ ٹیسٹ پُرامن ماحول میں مکمل

علی گڑھ، 27 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آج کلاس XI (سائنس اسٹریم)، ڈپلومہ اِن انجینئرنگ، اور کلاس XI (کامرس اور آرٹس/ہیومینٹیز اسٹریم) کے لیے مشترکہ داخلہ ٹیسٹ پُرسکون ماحول میں اور خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا۔ علی گڑھ میں 35 مراکز پر یہ امتحان لیا گیا، جبکہ سری نگر، لکھنؤ، میرٹھ، بریلی، پٹنہ، کولکاتا، کشن گنج اور دہلی میں بھی مقررہ مراکز پر امتحان منعقد کیے گئے۔
کلاس XI (سائنس اسٹریم) اور ڈپلومہ اِن انجینئرنگ کے لیے مجموعی طور پر 30,592 امیدواروں نے درخواست دی تھی، جن میں سے 26,327 امیدوار صبح کی شفٹ میں امتحان میں شریک ہوئے۔
کلاس XI (کامرس اور ہیومینٹیز اسٹریمز) کے داخلہ ٹیسٹ کے لیے، جو دوپہر کی شفٹ میں منعقد ہوا، 7,797 امیدواروں نے درخواست دی تھی، جبکہ مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے سینئر سیکنڈری اسکول برج کورس میں داخلے کے لیے 195 امیدواروں نے درخواست دی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نیپرووائس چانسلت پروفیسر محمد محسن خاں، ممبر انچارج رابطہ عامہ پروفیسر وِبھا شرما اور پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز، جن میں آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول، ایس ٹی ایس اسکول، سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) اورآرٹس فیکلٹی شامل ہیں، کا معائنہ کیا اور امتحانات کی بہتر نگرانی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
دوران معائنہ، پروفیسر نعیمہ خاتون نے امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں سے بھی ملاقات کی اور امتحانی قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
کنٹرولر آف ایگزامنیشن ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری نے امتحان کو پُرامن اور منظم انداز میں مکمل کرانے میں اساتذہ اور دیگر اسٹاف کی کوششوں کو سراہا۔ امتحانی عمل کو پُرسکون بنانے کے لیے، علی گڑھ کے مقامی مراکز پر سینئر فیکلٹی ممبران کو مبصرین کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، جبکہ علی گڑھ سے باہر کے مراکز پر مجموعی انچارج مقرر کیے گئے تھے۔ علاوہ ازیں، نیشنل سروس اسکیم (NSS)، غیر سرکاری تنظیموں (NGOs)، طلبہ اور غیر تدریسی عملے کے رضاکاروں نے والدین اور سرپرستوں کو پانی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیے تھے۔
Comments are closed.