مولانا سید محمد عاقل مظاہری نے مولانا محمد زکریا مہاجر مدنیؒ کی جانشینی کا حق ادا کرد یا: محی الدین خسرو تاج

 

مظاہر علوم سہارنپور کے شیخ الحدیث و ناظم اعلیٰ کی رحلت سے دینی علمی حلقوں میں غم کی لہر

 

مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور میں قرآن خوانی، دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام

 

کانپور:۔ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور کانپور کے سرپرست اور مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور کے شیخ الحدیث و ناظم اعلیٰ حضرت مولانا سید محمد عاقل صاحب نوراللہ مرقدہ کے انتقال پر اہل علم میں غم کی لہر دوڑ گئی، دینی حلقے سوگوار ہیں۔ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور کے مہتمم و متولی الحاج محی الدین خسرو تاج صاحب نے قلبی افسوس کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے بتایا کہ سال گزشتہ 5 اگست کو حضرت مولانا کی مدرسہ تشریف آوری ہوئی تھی، تمام ارباب مدرسہ کو اپنی بہت ساری دعاؤں سے نوازا تھا، ذمہ داران کی درخواست پر سرپرستی قبول فرمائی تھی، روحانی مجالس کا انعقاد ہوا تھا، آج انتقال کی خبر سن کر یقین کرنا مشکل ہے کہ حضرت اب ہمارے درمیان سے رخصت ہو گئے۔ بہر حال اللہ تعالیٰ کے ہر فیصلے پر ہم سب راضی ہیں۔ اللہ تعالی نے آپ کو شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی رحمۃ اللہ علیہ کا صحیح اور سچا جانشین بنایا اور آپ کے فیض اور فیضان کو چار دانگ عالم میں پھیلا دیا۔الحل المفہم کاحاشیہ،الکوکب الدری کامقدمہ، الفیض السمائی کاحاشیہ، نیز ملفوظات حضرت شیخ وغیرہ آپ کی قلمی وعلمی یادگارہیں لیکن علمی دنیامیں آپ کی بے نظیرعالمانہ تالیف ”الدرالمنضود“ جو ابوداؤد شریف کی شرح ہے بہت مقبول ہوئی۔ادھر کچھ عرصے سے حضرت مولانا سید محمد عاقل صاحب پیرانہ سالی اور درازی عمر کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں گھرے رہے اس سلسلے میں کبھی میرٹھ کبھی دہلی اور کبھی حیدرآباد تک علاج اور معالجہ کے سلسلے میں آپ کو لے جایا گیا فی الوقت بھی آپ میرٹھ کے ایک ہاسپٹل میں زیر علاج تھے یہ علاج و معالجے بہرحال اسباب کے درجے میں ہیں ہونا وہی ہے جو اللہ تبارک و تعالی کا فیصلہ ہے حضرت رحمہ اللہ کا وقت پورا ہو چکا تھا۔نماز جنازہ بعد نماز مغرب مدرسے کے احاطے میں ادا کی گئی۔ اللہ ہم سب کے شیخ و مربی اور سرپرست حضرت مولانا مرحوم کی مغفرت، درجات بلند اور جملہ پسماندگان محبین متعلقین تلامذہ اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے مریدین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ہم سب کو حضرت کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ انتقال کی خبر موصول ہوتے ہی مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور میں قرآن خوانی، دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔ الحاج محی الدین خسرو تاج نے شہر کے تمام علمائے کرام، ائمہ مساجد، ذمہ داران مدارس و مکاتب کے ساتھ ساتھ محبین،متعلقین سے حضرت مولانا مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور ایصال کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔

Comments are closed.