پلس ٹو اپ گریڈیڈ ہائی اسکول ٹھکرنیا میں 3 روزہ مقابلوں کا انعقاد

 

مشال کھیل مقابلے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے طلبا ء نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اسناد کی تقسیم

 

جالے(محمد رفیع ساگر/بی این ایس)

تمام سرکاری اسکولوں میں 25 اپریل سے 27 اپریل تک تین روزہ اسکولی سطح پر "مشال کھیل مقابلہ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ صدر بلاک کی مرِیا پنچایت میں واقع پلس ٹو اپ گریڈیڈ ہائی اسکول ٹھکرنیا اور مڈل اسکول ٹھکرنیا کے احاطے میں بھی مقابلے منعقد ہوئے۔

 

مقابلوں میں 14 اور 16 سال کی عمر کے طلبا و طالبات نے فٹبال، والی بال، کبڈی، ہائی جمپ، سائیکل ریس اور لڑکوں و لڑکیوں کی دوڑ سمیت مختلف کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ طلبہ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

 

تین روزہ مقابلوں کے اختتام پر آج مورخہ 28 اپریل کو اسکول کے ہیڈ ماسٹر رامشرن یادو کی صدارت میں کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اسکول کے تمام اساتذہ موجود تھے اور جیتنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

 

ہیڈ ماسٹر رامشرن یادو نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں میں شرکت بچوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو کلسٹر، بلاک، ضلع اور ریاستی سطح تک جانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

مقابلے کے انچارج آنند کمار نے کہا کہ اس سرگرمی سے طلبہ میں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ملا ہے۔ انہوں نے آئندہ مقابلوں میں طلبہ کی اور زیادہ جوش و خروش سے شرکت کی امید ظاہر کی۔

 

اس موقع پر سینئر اساتذہ سمیع اللہ، ڈاکٹر آشوتوش کمار مشرا، عارف اقبال اور بانی کماری نے بھی طلبہ سے خطاب کیا۔ تقریب میں شمشاد علی، رشی کیش کمار، سندیپ کمار، جوہی کماری، آرتی کماری، ابھیشیک آنند، دیویش کمار رائے، ارجن کمار اور پرمود کمار سمیت دیگر اساتذہ بھی شریک رہے۔

 

Comments are closed.