فور لین سڑک پر آگ لگنے سے تیل لدا ٹرک جل کر خاکستر

 

ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار، حادثہ اتوار کی رات بھراٹھی-کنورپٹی کے درمیان پیش آیا

 

جالے(محمد رفیع ساگر)سِمری تھانہ حلقہ کے بھراٹھی-کنورپٹی فور لین سڑک پر اتوار کی دیر رات ایک تیل سے لدے ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ٹرک دھواں دھار شعلوں میں جل کر خاکستر ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ راجستھان نمبر کا ٹرک تھا جس میں سرسوں کے تیل کے ٹن بھرے ہوئے تھے۔

 

ذرائع کے مطابق رات تقریباً دو بجے ٹرک کے انجن میں تکنیکی خرابی کے سبب آگ لگ گئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ آگ کی خطرناک لپٹوں کے درمیان ٹرک کا ڈرائیور اور کلینر کیبن سے کود کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گئے اور موقع سے فرار ہو گئے۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سِمری تھانہ کی گشتی ٹیم فائر بریگیڈ کے ساتھ موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، لیکن شدید آگ کے باعث ٹرک کا اندرونی اور بیرونی حصہ مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔ ٹرک کے اگلے حصے، کیبن، آٹھوں ٹائروں اور ڈیزل ٹینک سے پیر کی دوپہر تک دھواں نکلتا رہا۔

 

موقع پر موجود راہگیروں نے رک رک کر حادثے کی تفصیلات حاصل کیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات آندھی، بارش اور اولے پڑنے کے دوران ٹرک پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگی ہو سکتی ہے۔ فور لین سڑک پر گرے ہوئے تیل سے سرسوں کے تیل کی تیز خوشبو بھی محسوس کی جا رہی تھی۔

 

چونکہ ٹرک کا ڈرائیور اور کلینر حادثے کے بعد نہ تو موقع پر رُکے اور نہ ہی تھانہ پہنچے، اس لیے آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ تھانہ انچارج منیش کمار نے بتایا کہ رات دو بجے اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی، تاہم ڈرائیور اور کلینر موقع پر موجود نہیں تھے اور اب تک انہوں نے کوئی اطلاع بھی نہیں دی ہے۔

Comments are closed.