مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یوکے شعبہ فارماکولوجی نے نویں ابن سینا کلینیکل فارماکولوجی کوئز کا اہتمام کیا
علی گڑھ، 28 اپریل: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فارماکولوجی نے نویں ابن سینا کلینیکل فارماکولوجی کوئز کا اہتمام کیا جس میں 100 ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس طلبہ نے حصہ لیا۔
یہ کوئز بنیادی طور پر پیچیدہ کلینیکل کیس منظرناموں پر مبنی تھا اور اس کا مقصد فارماکولوجی کے تصورات کے کلینیکل اطلاق کا جائزہ لینا تھا۔ کوئز میں ابتدائی اسکریننگ راؤنڈ کے بعد فائنل راؤنڈ ہوا۔ نظامت ڈاکٹر عمار خالد نے کی جبکہ پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس کی ایک ٹیم نے پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن (چیئرمین، شعبہ فارماکولوجی) کی سرپرستی میں پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔
مجموعی طور پر دس ہزار روپئے کے نقد انعامات، سابق طالبعلم ڈاکٹر مصباح الدین (کنگ عبد العزیز یونیورسٹی، سعودی عرب) کے تعاون سے کامیاب طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔
کوئز میں وبھا وارشنے اور رانک شرما (ایم بی بی ایس تھرڈ پروف، بیچ 2022) کی ٹیم نے پہلا مقام اور ہرشت جین اور سمر دیپ سنگھ (ایم بی بی ایس فائنل پروف، بیچ 2021) کی ٹیم نے دوسرا مقام حاصل کیا۔
تیسرا انعام مُکل کمار اور ایہان حسنین (ایم بی بی ایس تھرڈ پروف، بیچ 2022) کو ملا، جبکہ فرحان محمد خان اور سمیر طاہر (ایم بی بی ایس تھرڈ پروف، بیچ 2022) کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔
پروفیسر ضیاء الرحمٰن نے کوئز کے کامیاب انعقاد میں تمام شرکاء کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی سرگرمیاں نظریاتی علم کو عملی طبی تربیت سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
………………………….
اے ایم یو کے شعبہ غیر ملکی السنہ میں ذو لسانی میگزین کے دوسرے شمارہ کا اجراء
علی گڑھ، 28 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ غیر ملکی زبانوں کے جرمن سیکشن نے اپنی ذو لسانی میگزین ”ڈی اسٹیمن“ (آوازیں) کے دوسرے شمارے کا اجراء کیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی، شعبہ انگریزی کی پروفیسر وبھا شرما، ممبر انچارج، دفتر رابطہ عامہ نے میگزین کی ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آج کے دور میں جب عارضی ڈیجیٹل مواد کا غلبہ بڑھتا جا رہا ہے، یہ میگزین سنجیدہ لسانی ادب کی پائیداری کا ثبوت فراہم کرتی ہے۔ اس طرح کے رسالے زبانوں اور روایات کے درمیان پل کا کام کرتے ہیں۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے، پروفیسر محمد اظہر، چیئرمین، شعبہ غیر ملکی السنہ اور ڈین، فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیزنے ادارتی ٹیم کی محنت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشاعت ہمارے طلبہ کی علمی گہرائی اور تخلیقی توانائی کی عکاس ہے۔ یہ ہمارے شعبے کے کثیر لسانی مہارت اور عالمی نقطہ نظر کے فروغ کے مشن کو اجاگر کرتی ہے۔
قبل ازیں، افتتاحی کلمات میں اسسٹنٹ پروفیسر جناب سید سلمان عباس نے کہا کہ ”ڈی اسٹیمن“ میں علمی مضامین سے لے کر تخلیقی تحریروں تک، ہمارے طلبہ کی جرمن زبان اور ثقافت کے ساتھ گہری وابستگی نمایاں ہے۔
کوآرڈنیٹر حماد، رمشہ افضل، ثمر وارثی اور شاد علی نے میگزین کی تیاری اور اشاعتی مراحل پر روشنی ڈالی۔ ادارتی ٹیم نے تخلیقات کو یکجا کرنے میں اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
ڈی اسٹیمن کے دوسرے شمارے میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی علمی تخلیقات شامل ہیں اور وہ تفصیلی رپورٹس خاص اہمیت کی حامل ہیں جو جرمن سیکشن کے ڈی اے اے ڈی اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کے جرمنی میں تعلیمی تجربات پر مبنی ہیں۔
………………………….
اے ایم یو کے ڈاکٹر تنوج ماتھر نے کلیان سنگھ میڈیکل کالج میں صحت عامہ میں کرونو نیوٹریشن کے کردار پر لیکچر دیا
علی گڑھ، 28 اپریل: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فزیالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنوج ماتھر نے کلیان سنگھ میڈیکل کالج، بلندشہر میں ”کرونو نیوٹریشن: صحت عامہ اور میٹابولک مینجمنٹ کے لیے ایک نیا زاویہ“ موضوع پر لیکچر دیا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر ماتھر نے اس بات پر زور دیا کہ غذا کے معیار اور مقدار کے ساتھ ساتھ اس کے استعمال کا وقت بھی یکساں اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کھانے کے معمولات کو جسمانی حیاتیاتی گھڑی (بایولوجیکل کلاک) کے ساتھ ہم آہنگ کرنا کس طرح خلیاتی ضعیفی، میٹابولک امراض، قلبی بیماریوں، سرطان، موٹاپے، مدافعتی نظام کی کارکردگی اور دماغی صحت پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔
ڈاکٹر ماتھر نے کرونو نیوٹریشن اور آنت-دماغ کے محور کے درمیان پیچیدہ تعلق پر بھی روشنی ڈالی، اور مجموعی صحت برقرار رکھنے میں اس کے مرکزی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے صحت عامہ کی پالیسیوں میں کرونو نیوٹریشن کے اصولوں کو شامل کرنے کی وکالت کی اور اسے طرز زندگی سے متعلق بیماریوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے مقابلے اور طویل المدتی صحت کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے ایک امید افزا حکمت عملی قرار دیا۔
شعبہ فزیالوجی کے چیئرمین پروفیسر محمد اسلم نے ڈاکٹر ماتھر کی مستقبل کی کاوشوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
………………………….
زیڈ اے ڈینٹل کالج کے طلبہ کاانٹر یونیورسٹی اورل میڈیسن مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ
علی گڑھ، 28 اپریل: ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اورل میڈیسن و ریڈیالوجی کے پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے راجستھان ڈینٹل کالج، نروانا یونیورسٹی، جے پور میں منعقدہ انٹر یونیورسٹی اورل میڈیسن مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ادارے کا نام روشن کیا۔ یہ مقابلہ ورلڈ اورل میڈیسن اینڈ ریڈیالوجی ڈے کے موقع پر منعقد ہوا۔
ڈاکٹر سدرہ (جونیئر ریزیڈنٹ دوم) اور ڈاکٹر شہلا (جونیئر ریزیڈنٹ اوّل) نے پوسٹر پرزنٹیشن زمرہ میں دوسرا مقام حاصل کیا، جب کہ ڈاکٹر نینگ بوئی گانگتے (جونیئر ریزیڈنٹ اوّل) نے سلوگن رائٹنگ مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دریں اثنا،شعبہ اورل میڈیسن و ریڈیالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر پردیومن ورما کو این آئی ایم ایس ڈینٹل کالج، این آئی ایم ایس یونیورسٹی، جے پور میں بطور مہمان مقرر مدعو کیا گیا، جہاں انہوں نے ”پری میلگننٹ لیژنزکا علاج“ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے حاضرین کو قیمتی کلینیکل معلومات فراہم کیں۔
پروفیسر ورما نے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور کامیابیاں قومی سطح پر کالج کی شہرت کو مزید بلند کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ”یہ دستیابیاں علمی معیار اور امتیاز کے تئیں ہمارے شعبہ کے عزم کا مظہر ہیں“۔
Comments are closed.